GB Home department removes 40 names from Schedule Fourth

محکمہ داخلہ گلگت نے 40 افراد کےنام شیڈول فورتھ سےخارج کردیے، نوٹی فکیشن جاری

گلگت: محکمہ داخلہ گلگت بلتستان نے انسداد دہشت گردی ایکٹ اےٹی اے 1997 کے تحت مقدمات کا سامنا کرنے والے 40 افراد کے نام شیڈول فورتھ سے خارج کردیے۔ اعلامیے کے مطابق تمام ڈویژنز کے ڈویژنل ریویو/ انٹیلی جنس کمیٹیوں کی سفارشات اور صوبائی ریویو/ انٹیلی جنس کمیٹی کی منظوری سے 40 افراد کے نام فوری طورپر شیڈول فورتھ سے خارج کیے گئے ہیں تاہم ان کی نگرانی ایک سال تک جاری رہے گی۔ اس دوران اگر کوئی ایک شکایت بھی موصول ہوئی تو ڈویژنل ریویو/ انٹیلی جنس کمیٹی انہیں دوبارہ شیڈول فورتھ کے لیے نامزد کرےگی جس پر متعلق ڈپٹی کمشنر اسی وقت نوٹس جاری کریں گے۔

نوٹی فکیشن کےمطابق شیڈول فورتھ سے نکالے گئے 40 میں یاسین کے 9 سمیت 12 افراد کا تعلق ضلع غذر سے ہےجبکہ 14 کا تعلق گلگت کے مختلف علاقوں، تین کا نگر، ایک کا ہنزہ،ایک استور، چھ دیامر،ایک گانچھے، دو افراد کا تعلق بلتستان ریجن سے ہے۔

غذر سے تعلق رکھنے والے معروف صحافی و پبلشردولت جان، المعروف ڈی جےمٹھل اور بی این ایف غذر کے سیکریٹری جنرل قیوم خان سمیت 9 افراد کےنام 7 اپریل 2016 کو شیڈول فورتھ میں شامل کیے گئے تھے۔ اس مقدمے میں قیوم خان جولائی 2016 اور دولت جان کو اکتوبر 2016 میں گرفتار کرکے ڈھائی سال بعد رہا کیا گیا۔ بوبر سے تعلق رکھنے والے طاہر علی کو بھی گرفتارکیاگیا تھا۔ رواں سال اپریل میں بی این ایف حمیدگروپ پر پابندی بھی لگادی گئی ہے جبکہ غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق عبدالحمید خان اپنی خودساختہ جلاوطنی ختم کرکے واپس آچکےہیں اور گزشتہ تین ماہ سے اسلام آباد میں قیام پذیر ہیں۔

Comments